فلسطینی شہرغزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کوآج جمعرات کو 19 دن ہو گئے ہیں جس کے بعد اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم میں شہداء کی تعداد 804 ہو گئی ہے جبکہ 5200 شہری زخمی ہو چکے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق آٹھ جولائی سے "حفاظتی کنارا" کے نام سے جاری وحشیانہ زمینی اور فضائی حملوں میں شہری تنصیبات اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ صہیونی فوج کی بمباری سے اسکول، مساجد، اسپتال اور شہریوں کے مکانات نشانہ بن رہے ہیں جس کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے رفح کے مقام پر تازہ دہشت گردی میں گیارہ فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
پہلے دس روز اسرائیلی فوج نے جارحیت فضائی حملوں تک محدود رکھی تھی لیکن جمعرات اور جمعہ کے ایام میں قابض فوج نے زمینی حملے بھی شروع کر دیے ہیں۔ گذشتہ روز غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد سے اسرائیلی فوج نے شہر میں داخل ہونے کی کوشش کی اور بھاری توپخانے سے نہتے شہریوں پر گولہ باری کی گئی۔ اب صہیونی فوج زمینی آپریشن کے ساتھ ساتھ فضاء اور سمندر کی طرف سے بھی وحشیانہ حملے کر رہی ہے اور بمباری سے عام شہریوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عالمی برادری کی جانب سے صہیونی جارحیت کے خلاف سخت احتجاج کے علی الرغم صہیونی ہٹ دھرمی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھونے غزہ کی پٹی میں آپریشن
کو مزید وسعت دینے کی دھمکی دی ہے۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمت کاروں نے صہیونی فوج کی تنصیبات اور یہودی کالونیوں پر مزید راکٹ حملے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے رد عمل میں رات گئے M75 اور R160 راکٹوں سے دوبارہ اسرائیلی کالونیوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ ایم 75 راکٹ مقبوضہ مقدس میں اسرائیلی تنصیبات پر داغے گئے جبکہ R160 راکٹوں سے حیفا شہر کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا۔ قبل ازیں انہی راکٹوں سےاسرائیلی کے رامون فوجی اڈے، دیمونا ایٹمی پلانٹ، بحرمردار کے قریب قیساریہ میں اسرائیلی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
فلسطینی مزاحمت کاروں کی تازہ کارروائیوں میں شاؤل ایرن نامی ایک فوجی اہلکار کو یرغمال بنائے جانے کی کامیاب کارروائی بھی شامل ہے۔ القسام بریگیڈ نے دو روز قبل غزہ کی پٹی میں ایک گوریلا کارروائی کے دوران متعدد صہیونی فوجیوں کو ہلاک اور ایک کو جنگی قیدی بنا لیا تھا۔گوکہ اسرائیل نے اپنے کسی فوجی کی گم شدگی کی تردید کی ہے تاہم القسام نے مغوی فوجی کا ملٹری کوڈ نمنر6092065 بھی جاری کر کے اپنے دعوے کو مزید مستحکم کردیا ہے۔
القسام بریگیڈ اور دیگرمزاحمتی گروپوں کی کارروائیوں میں تین روز میں کم سے کم 30 صہیونی فوجی واصل جہنم اور درجنوں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اتوار کے روز ڈیڑھ درجن صہیونی فوجیوں کی ہلاکت پر اسرائیلی میڈیا کی چیخیں نکل گئی تھیں اور اسرائیلی پریس نے اسے "سیاہ ترین" دن قرار دیا تھا۔